کچن میں صفائی کی ناقص صورتحال ‘ راحت بیکری سیل

پشاور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمودنے اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ کے ہمراہ رنگ روڈ اور پشتخرہ روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔انھوں نے رنگ روڈ پر راحت بیکری اور شوگر پلم بیکری کے کچن کا بھی معائنہ کیا۔ کچن میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے راحت بیکری کو سیل جبکہ شوگر پلم بیکری کو موقع پر جرمانہ کر دیا۔انھوں نے بیکری انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کی حالت بہتر بناتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے پشتخرہ روڈ پر تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر (متنی ) کو تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی جبکہ رنگ روڈ پر صفائی کی ناقص صورتحال پر پی ڈی کو صفائی کی حالت بہتر بنانے اور سڑکوں کے کنارے سے ملبہ فوری طور پر اُٹھانے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بیکریوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور صفائی ناقص صورتحال /حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پربیکری کو سیل کرتے ہوئے قانونی کارروائیکا حکم دیا ہے۔