ویکسی نیشن نہ کروانے پر بیشتر دکاندارگرفتار

پشاور(جنرل رپورٹر)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر صوبائی دارلحکومت پشاور میں بازاروں،پبلک ٹرانسپورٹ اور بی آر ٹی سٹیشنوں و بسوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی چیکنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامی افسران نے پشاور بھر میں بازاروں ، بی آر ٹی سٹیشنوں و بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ و اڈوں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ انتظامی افسران نے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ بھی چیک کیا اور بیشتر افراد کو کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے حوالے سے نوٹس جاری کیے۔ کورونا ویکسینیشن نہ کروانے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔